ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین کا خوراک کی فورٹیفکیشن اور مثالی فوڈ سیفٹی طریقہ کار پر اظہار مسرت
کراچی، 22 جنوری، 2024۔ سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) کے ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین اور ان کی ٹیم نے پورٹ قاسم میں سن رج فلور مل اور یونٹی فوڈز ایڈیبل آئل ریفائنری کے دورے کے دوران فوڈ پروسیسنگ کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد فوڈ انڈسٹری کے قابل ذکر اداروں کے حفظان صحت، حفاظت اور کوالٹی اسٹینڈرڈز کا جائزہ لینا اور بہترین معیارات پر حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے سن رج فلور مل میں حفظان صحت کی پالیسیوں اور فوڈ سیفٹی کے سخت اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا، ''سن رج میں حفظان صحت کے متاثر کن معیارات اور فوڈ سیفٹی کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ہمارا مقصد سندھ کی صنعتوں میں حفظان صحت کے ایسے بہترین معیار متعارف کرانے اور فوڈ سیفٹی کے اقدامات کو اختیار کرنے سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔''
ڈائریکٹر جنرل اور ان کی ٹیم نے پروسیسنگ یونٹس اور لیب سہولیات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروڈکشن کے ہر بیچ کے لئے متاثر کن طور پر 35 نکاتی جانچ پڑتال کے کوالٹی مراحل کا مشاہدہ کیا۔ یہ گہرا جائزہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ خالص خوراک کے اعلی معیار کو برقرار رکھا جائے۔ اس دورے میں انتظامی اور تکنیکی اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی شامل رہا، جس کا مقصد فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے میں سن رج فوڈز کے جدید طریقہ کار سے آگہی اور انکی حوصلہ افزائی تھا۔
آغا فخر حسین نے خوراک سے متعلق دیگر کاروباروں کے لئے ایسے مثالی طریقہ کار کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا، ''سن رج کے دورے کے بعد ہمارا مقصد ان کے مثالی طریقہ کار کو فوڈ سے منسلک دیگر کاروباروں، صنعتوں کی رہنمائی اور انکی حوصلہ افزائی کے لئے استعمال کرنا ہے، جس میں سن رج کو ایک ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔''
ڈائریکٹر جنرل نہ صرف سن رج فوڈز کے ساتھ مسلسل رابطوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں بلکہ وہ اپنے موجودہ معیارکو برقرار رکھنے کی امید کے ساتھ ساتھ ان رابطوں کے ذریعے پوری صنعت کے لئے نئی جدت اور قواعد کو اختیار کرنے میں بھی رہنمائی فراہم کریں گے۔
یہ دورہ سن رج فوڈز کی فورٹیفائیڈ مصنوعات کی فراہمی اور بین الاقوامی معیارکے مطابق خوراک کی حفاظت اور حفظان صحت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں